ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جہانگیر پوری میں AQI 999، دہلی سمیت شمالی علاقوں میں زہریلی ہوا اور ہلکے کہرے کا زور

جہانگیر پوری میں AQI 999، دہلی سمیت شمالی علاقوں میں زہریلی ہوا اور ہلکے کہرے کا زور

Wed, 13 Nov 2024 16:35:53  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 13/نومبر(ایس او نیوز /ایجنسی) دہلی کی فضا میں آلودگی کا زہر بدستور جاری، بدھ کے روز بھی کئی علاقے ریڈ زون میں برقرار رہے۔ منگل کو 30 سے زائد علاقوں میں اے کیو آئی خطرناک سطح پر رہا۔ رپورٹ کے مطابق بدھ کی صبح 7 بجے جہانگیر پوری میں اے کیو آئی 999 تک پہنچ گیا، جو کہ بدترین سطح ہے۔ بیشتر علاقوں میں اے کیو آئی 300 سے زائد یعنی 'انتہائی خراب' زمرے میں ریکارڈ ہوا، جبکہ 10 علاقے ایسے تھے جہاں اے کیو آئی 200 سے 300 کے درمیان رہا، جو 'خراب' کی درجہ بندی میں آتا ہے۔

مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے مطابق دہلی کا اے کیو آئی 334 رہا، جس میں پیر کے مقابلے 18 پوائنٹس کی کمی درج کی گئی۔ ایک دن قبل اتنے ہی پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا تھا۔ این سی آر کے شہروں میں بھی یہ اُتار چڑھاؤ جاری ہے۔ ایئر کوالیٹی وارننگ سسٹم کے مطابق اگلے چھ دنوں کے دوران ہوا کی رفتار 8 سے 10 کلومیٹر فی گھنٹے سے نیچے رہے گی۔ موسمی حالات بھی ناموافق ہیں۔ اے کیو آئی 300 سے اوپر 'خراب زمرے' میں ہی برقرار رہنے کا امکان ہے۔

وہیں دہلی-این سی آر اور آس پاس کے علاقوں میں ٹھنڈ نے دستک دے دی ہے۔ رات سے ہی کئی علاقوں میں کہرا چھایا ہوا ہے۔ لوگوں کو ہلکی ہلکی ٹھنڈ کا احساس ہونے لگا ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب، لدھیانہ اور بھٹنڈا میں بھی رات کے وقت کہرے کی چادر دیکھی گئی۔ نیوز ایجنسی اے این آئی کی رپورٹ کے مطابق آسام کے کچھ علاقوں میں بھی صبح میں کہرے کا احساس لوگوں کو ہوا جبکہ بہار میں بھی گاؤں سے لے کر شہروں تک صبح کے وقت کہرا چھایا ہوا تھا۔ اتر پردیش اور دیگر میدانی ریاستوں میں بھی صبح میں کہرا چھایا رہا۔

آئی ایم ڈی کے مطابق خلیج بنگال میں اس وقت تیز ہواؤں کے داخلے کے لیے بہتر حالات پیدا ہو گئے ہیں۔ حالانکہ سردی کے موسم کی شروعات کا کوئی سرکاری اعلان ابھی تک نہیں کیا گیا ہے۔ یہاں رات کے وقت درجہ حرارت میں تھوڑی گراوٹ ضرور دیکھی گئی ہے۔ علی پور واقع محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ہمالیائی علاقہ (شمال) اور بنگال کے گنگا علاقے (جنوب) میں رات کا درجہ حرارت دو سے تین ڈگری تک گر سکتا ہے۔


Share: